جے پور، 29؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جے پور کے مالویہ نگر تھانہ علاقہ میں واقع مالویہ نیشنل ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ(ایم این آئی ٹی)میں زیر تعلیم ایک غیر ملکی طالب علم کی لاش کالج کے ہاسٹل کے باہر مشتبہ حالات میں پڑی ملی۔پولیس تفتیشی افسر بابو لال نے بتایا کہ متوفی یمن ملک کا باشندہ موسی احمد علی(23)انسٹی ٹیوٹ میں میکانی برانچ کے بی ٹیک کے آخری سال کے ساتویں سمسٹر کا طالب علم ہے۔پولیس کے مطابق متوفی ہوسٹل پہلی منزل میں رہتا تھا،ہاسٹل 7منزلہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ اروندو ہاسٹل کے وارڈن سشانت کی اطلاع پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو سوائی مان سنگھ اسپتال کے مردہ خانے میں رکھوایا ہے۔پولیس نے اہل خانہ کو یمن سفارت خانے کے ذریعے مطلع کر دیا ہے،ان کے یہاں پہنچنے پر پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔سی آر پی سی کی دفعہ 174کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔طالب علم کی موت کی وجوہات کا انکشاف پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہوگا۔